’میرے اور میرے بھائی کے راستے الگ ہیں‘ برطانوی شہزادہ ہیری نے تہلکہ خیز اعلان کردیا

’میرے اور میرے بھائی کے راستے الگ ہیں‘ برطانوی شہزادہ ہیری نے تہلکہ خیز ...
’میرے اور میرے بھائی کے راستے الگ ہیں‘ برطانوی شہزادہ ہیری نے تہلکہ خیز اعلان کردیا

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری کے درمیان کشیدہ تعلقات کی خبریں گاہے میڈیا پر آتی رہیں تاہم شاہی خاندان کی طرف سے ہمیشہ ان کی تردید کی جاتی رہی۔ اب پہلی بار شہزادہ ہیری اپنے بھائی کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بول پڑے ہیں اور حقیقت دنیا کو بتا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل گزشتہ روز چینل 10کے ایک شو میں شریک ہوئے جہاں شہزادہ ہیری نے اپنے بھائی کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ”میں اور ولیم دو مختلف راستوں پر چل رہے ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے درمیان لڑائی چل رہی ہے۔ “ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”میں کسی کے دباﺅ میں آ کر وہ کھیل نہیں کھیلوں گا جس کی وجہ سے میری ماں قتل ہوئی۔“

رپورٹ کے مطابق انٹرویو میں شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ ”زندگی میں میرے اور ولیم کے تعلقات میں اتار چڑھاﺅ آتا رہا۔ ہم نے بطور بھائی بہت اچھے دن بھی گزارے اور برے بھی۔ اگرچہ اس وقت ہمارے راستے الگ ہو چکے ہیں مگر ہم دونوں بھائی تھے اور یقینا بھائی رہیں گے۔ جب کبھی مشکل وقت پڑا تو میں اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور یقینا وہ بھی ایسا ہی کرے گا۔ان دنوں ہم ایک دوسرے سے اتنا نہیں ملتے جتنا ماضی میں ملا کرتے تھے اور اس کی وجہ ہماری مصروفیات ہیں مگر میں اپنے بھائی سے بہت محبت کرتا ہوں۔ ہماری لڑائیوں پر مبنی جتنی خبریں گردش میں رہتی ہیں ان میں سے اکثرکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔“واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کے بعد سے دونوں بھائیوں اور ان کی اہلیان کی آپسی لڑائیوں کی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں اور زیادہ تر برطانوی میڈیا ہاﺅسز ان لڑائیوں کی وجہ میگھن مرکل کو قرار دیتے ہیں۔

مزید : برطانیہ