دوہ بھارت سے پہلے بنگلہ دیشی کرکٹر ہڑتال پر چلے گئے، وجہ کیا بنی؟ شکیب الحسن نے اعلان کردیا
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کے سینئر کھلاڑیوں نے مطالبات کے حق میں ہڑتال پر جانے کا اعلان کرتے ہوئے کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے اگلے ماہ بھارت کا دورہ کرنا ہے جہاں وہ 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، دورے کا آغاز 14 نومبر سے ہوگا لیکن سینئر کھلاڑیوں کے بائیکاٹ کی وجہ سے یہ دورہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔بنگلہ دیش کے سٹارآل راﺅنڈر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے تب تک وہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور سینئر کھلاڑیوں میں اختلاف اس وقت شروع ہوا تھا جب بورڈ نے بی پی ایل کیلئے اس شرط کا اعلان کیا تھا کہ آئندہ ہر ٹیم میں ایک لیگ سپنر موجود ہوگا ، بورڈ نے 2 فرنچائزز کے چیف کوچز کو بھی معطل کردیا تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر سینئر کھلاڑیوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور ہڑتال پر چلے گئے۔ شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ کئی سالوں سے ہم قومی ٹیم میں ایک لیگ سپنر منتخب نہیں کر پائے لیکن اب ہم نے پلان بنایا ہے کہ 7 لیگ سپنر رکھنے ہیں جو کہ حیران کن ہے۔ ’مجھے لگتا ہے کہ لیگ سپنرز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں پریکٹس کرنی چاہئے تاکہ انہیں خود اعتمادی اورتسلسل حاصل ہو، بی پی ایل بین الاقوامی سطح کا ٹورنامنٹ ہے، جہاں آپ کے سامنے ایسے حالات آتے ہیں، جیسے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہوتے ہیں، آپ غیرملکی کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئرکرتے ہیں، یہ کھلاڑی تیارکرنے کی جگہ نہیں ہے۔‘