پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کیلئے 50 کروڑروپے کے فنڈ جاری کرنے کی اصولی منظوری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں کم آمدن افراد کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے شرکاء کونیا پاکستان ہاؤسنگ سٹرٹیجی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کیلئے 50 کروڑروپے کے فنڈ جاری کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنےاجلاس سےخطاب کرتےہوئےکہا کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ سکیم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئےرکاوٹوں کو دور کیاجائےاورصوبے کی ہاؤسنگ پالیسی بناتے ہوئے عام آدمی کی مالی حالت مد نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں چھوٹےگھربنانے پربھرپور توجہ دی جائے۔اجلاس میں17 ماڈل ولیج میں رورل ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دیہات میں 4 ایکڑ اراضی پر چھوٹے گھر اور پارک بنائے جائیں گے اور اخوت کے اشتراک کار سے رورل ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز، کمرشلائز یشن فیس اورسرکاری اراضی کی منتقلی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیااورپنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو بتدریج بندکرنے کی تجویز پر تفصیلی غورکیا گیا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ سیکرٹریز ، چیئرمین ہائوسنگ ٹاسک فورس پنجاب یعقوب طاہر اظہار، جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس پنجاب ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔