بارڈر پر کشیدگی کی وجہ سے آزادی مارچ ملتوی نہیں کریں گے ،ن لیگی رہنما نے وضاحت کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہاہےکہ آزادی مارچ میں ایک پتا بھی پامال نہیں ہوگا، تمام مطالبات جمہوری انداز میں ہونگے،بارڈر کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے آزادی مارچ ملتوی نہیں کریں گے ۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزادی مارچ انتہائی پر امن ہو گا اور اس مارچ میں ایک پتا بھی پامال نہیں ہوگا، تمام مطالبات جمہوری انداز میں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کی حالت اس وقت یہ ہے کہ لوگوں کودووقت کی روٹی ملنا مشکل ہوگیاہے،عمران خان کے استعفے کے پیچھے کچھ وجوہات ہیں اور وہ وجوہات عوام کے مسائل ہیں ۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھاکہ یہ بات نہیں ہے کہ عمران خان کی شکل مولانا فضل الرحمان کو پسند نہیں ہے،اس لئے عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں ، اصل بات یہ ہے کہ نا اہل حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کاجینا دوبھر ہوچکاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہید ہونیوالے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور جہاں تک بارڈر پر حالات کا تعلق ہے تو ایل او سی پر ایسے حالات چلتے ہی رہتے ہیں ، اس لئے ہم بارڈر کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے آزادی مارچ ملتوی نہیں کریں گے ۔