”کنٹینروں کواڑا کررکھ دیں گے “ جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطا ءالرحمان کی ملک کوجام کرنے کی دھمکی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جے یوآئی کے سینیٹر مولانا عطاءالرحمان نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے سفید مرغے نے ایک بہت بڑی بڑھک ماری ہے کہ میں کے پی میں سے کسی کونکلنے نہیں دوں گا ، ہم کنٹینروں کواڑا کررکھ دیں گے ،اگر حکومت نے زبر دستی کی تو پھر ہم پورے ملک کوجام کرکے رکھ دیں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مولانا عطاءالرحمان نے کہا کہ پرویز خٹک ایک ہی سانس میں مذاکرات کی بات کرتے ہیں اوراسی سانس میں دھمکی بھی دیتے ہیں۔اگر حکومت خوفزدہ نہیں ہیں توپھر وزیروں اورمشیروں کی آدھ آدھ گز کی زبانیں کیوں نکلی ہوئی ہیں؟ اگر ہمارے ساتھ لوگ نہیں ہے تو پھر ہمارے راستوں کوکیوں روکا جارہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کاخیال ہے کہ ہمارے ساتھ تحریک انصاف کے دھرنے کی طرح دس پندرہ ہزا رلوگ ہونگے اور یہ ہم کو روک دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ساری اپوزیشن ایک ہوگئی ہے ، کسان ، سکولوں کے اساتذہ اور ڈاکٹرز سب ایک ہوگئے ہیں ، اب ہمیں پیدل بھی آنا ہوگا تو ہم آئیں گے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ کے پی کے سفید مرغے نے ایک بہت بڑی بڑھک ماری ہے کہ میں کے پی میں سے کسی کونکلنے نہیں دوں گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم کنٹینروں کواڑا کررکھ دیںگے ، اس طرح جیسے ان کی جانب سے کیا گیا تھا لیکن اگر حکومت نے زبر دستی کی تو پھر ہم پورے ملک کوجام کرکے رکھ دیں گے ۔