وزیر اعظم ایک بار پھر کراچی آکر چلے گئے،کوئی واضح لائحہ عمل نہ دے سکے:حافظ نعیم الرحمن

وزیر اعظم ایک بار پھر کراچی آکر چلے گئے،کوئی واضح لائحہ عمل نہ دے سکے:حافظ ...
وزیر اعظم ایک بار پھر کراچی آکر چلے گئے،کوئی واضح لائحہ عمل نہ دے سکے:حافظ نعیم الرحمن

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک بار پھر کراچی آکر واپس چلے گئے اور کراچی کی ڈھائی کروڑ کی آبادی کے مسائل کے حل اور مشکلات و پریشانی سے نجات کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل نہ دے سکے،کراچی کے عوام بجلی، پانی ، ٹرانسپورٹ ، سڑکوں کی خستہ حالی ، صفائی ستھرائی سمیت بے شمار مسائل کاشکار ہیں اور شہریوں کا کوئی پُرسانِ حال نہیں ،اس سے قبل اُنہوں نے کراچی کے لیے 162ارب روپے کے ایک پیکیج کا اعلان کیا مگر تاحال وہ رقم بھی کراچی کو نہیں مل سکی اور نہ ہی فی الحال ملنے کے کوئی امکانات نظر آرہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم نے اپنے دورے میں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ یہ162 ارب روپے کراچی کو کس طرح ملیں گے؟یہ رقم کن منصوبوں اور پروجیکٹ پر خرچ ہو گی اور کس کے ذریعے سے خرچ ہوگی ؟۔  حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کا اس سے قبل دورہ کراچی کا اعلان تو ہوا مگر وہ ملتوی ہو گیا تھا اب کراچی کے عوام کو امید تھی کہ ان کے دورے کے موقع پر کراچی کے حوالے سے وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی جامع منصوبہ بندی اور ٹھوس اقدامات سامنے آئیں گے مگر افسوس کہ ایسا نہ ہو سکا اور عوام کو پہلے دوروں کی طرح اس بار بھی مایوسی ہوئی،وزیر اعظم صرف اپنی پارٹی لیڈروں اوراتحادیوں سےملاقات کرکےچلے گئے،یہاں تک کہ سندھ حکومت کےکسی ذمہ دارتک سےکوئی ملاقات اور نہ ہی بریفنگ ہوئی،ایسامحسوس ہوتاہےکہ وزیراعظم کراچی کےمسائل کی سنگینی سےناواقف ہیں یاپھرپی ٹی آئی کی کراچی قیادت نےکراچی کے مسائل پرانہیں درست طریقےسےبریف ہی نہیں کیا،ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی ہے،اس سےپہلےمسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی بھی اتحادی رہی ہے ،اس نے کراچی کےعوام کےمسائل حل کرنے کی نہ پہلےکوئی سنجیدہ کوششیں کی اورنہ اب کچھ کر رہی ہے،ایم کیو ایم  کو ماضی کی طرح اب بھی صرف اپنی وزارتوں اور عہدوں کی فکر ہے اور وزیر اعظم سے ملاقات میں ان کی جانب سے بھی کوئی اہم بات سامنے نہیں آئی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کو ماضی کی طرح آج بھی مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے لیکن اب یہ سلسلہ بند ہو نا چاہیئے،کراچی کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت اور حکمران پارٹیوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیئے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی