وفاق جلد کراچی میں440ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کریگا:مخدوم خسرو بختیار

وفاق جلد کراچی میں440ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کریگا:مخدوم خسرو بختیار
وفاق جلد کراچی میں440ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کریگا:مخدوم خسرو بختیار

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)  وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وفاق عالمی مالیاتی  اداروں کی مدد سے440ارب روپے کے نئے ترقیاتی منصوبے کراچی میں جلد شروع کرے گا،گرین لائن بس منصوبے کیلئے25 ارب روپے جاری کر دئے ہیں جبکہ کراچی میں یلولائن بس منصوبہ بھی وفاق مکمل کرے گا،دس سال سے کراچی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، وفاق  صوبے سے مل کر کام کر نا چاہتا ہے، کراچی سب سے زیادہ فنڈز کا حقدار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر عظم کے دورہ کراچی کے موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مصروف دن گزارا، پی ٹی آئی کے ارکین اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ کراچی سمیت پورے صوبے کی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں پربات کی گئی۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے حاصل کردہ78 ارب روپے کی لاگت سے یلو لائن اور ریڈ لائن کا منصوبہ مکمل کیا جائیگا، کے فور منصوبہ بھی وفاق مکمل کرائے گا خواہ اس پر کتنی ہی لاگت کیوں نہ آئے، وفاق اپنے حصے کی رقم ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کا منگھو پیر روڈ، نشتر روڈ دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے۔ شہر کو اربن ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے۔ گرین بس منصوبے کیلئے25ارب جاری کر دئے گئے ہیں جس میں سے گیارہ ارب بسو ں کی خریداری کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔کے فور کیلئے گیارہ ارب روپے جاری کر چکے ہیں۔ پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں توسیع کیلئے  کے ون، کے ٹو، کے تھری سندھ سے ملکر مکمل کرینگے جبکہ78ارب کا قرضہ عالمی بینک نے منظورکرلیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریڈ لائن، یلولائن بس منصوبہ ایکنک نے منظور کر لیا ہے۔ ایک سوال  پروفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ایکنک کے اجلاس میں سندھ حکومت کا نمائندہ موجود ہوتا ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استقبال کیلئے وزیراعلی سندھ کو خود آنا چاہئے تھا، مدعو نہ کرنے کی بات ایک بہانہ ہے۔ لاپتہ افراد کا تعلق کسی ایک جماعت سے نہیں ہے، کوئی بھی گرفتار ہوا ہو اسے عدالت میں لایا جائے۔ فضل الرحمن کا دھرنا ایک وزارت کی مار ہے۔   انہوں نے کہا جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سندھ حکومت کا تعاون رہے گا۔ وزیراعلی چیف ایگزیکٹو ہیں، وہ ہمارے دشمن نہیں ہیں، مراد علی شاہ جب چاہیں وزیراعظم سے ملاقات کرسکتے ہیں

مزید : قومی