بھارت میں گائے کا آپریشن، پیٹ سے 52 کلو ایسی چیز نکل آئی کہ انسان پریشان ہوجائے
چنائی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائی میں ڈاکٹرز نے ایک گائے کا آپریشن کرکے اس کے پیٹ سے 52 کلوگرام پلاسٹک ، 2 پیچ اور ایک سکہ نکالا ہے۔
ایشین نیوز انٹرنیشنل کے مطابق گائے کا آپریشن تامل ناڈو ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی کے سرجنز نے کیا ۔ ڈاکٹر ویلاوان نے بتایا کہ گائے کے پیٹ میں 52 کلوگرام پلاسٹک موجود تھا جس نے اس کے رومن کے 75 فیصد حصے اور معدے کے ایک چیمبر پر قبضہ جما رکھا تھا۔ رومن پیٹ کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں خوراک پہنچ کر سٹور ہوتی ہے اور اس کے بعد معدے کی طرف جاتی ہے۔
ڈاکٹر ویلاوان نے گائے کے آپریشن کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک بہت ہی طویل اور مشکل آپریشن تھا جس کو مکمل کرنے میں ساڑھے 5 گھنٹے کا وقت لگا، پلاسٹک کے علاوہ گائے کے پیٹ سے 2 سکرو اور ایک سکہ بھی ملا ہے۔ آپریشن کے بعد گائے روبصحت ہے اور ڈاکٹرز اس کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔