نواز شریف کوکچھ ہوا تو عمران نیازی کوقاتل ٹھہرائیں گے ، شہباز شریف نے حکومت پر ن لیگ کے قائد کی جان سے کھیلنے کا الزام لگا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ نواز شریف کی جان سے کھیلا جارہاہے، خدانخواستہ نواز شریف کوکچھ ہوا تو عمران نیازی کوقاتل ٹھہرائیں گے ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق سرکاری طبی رپورٹس کی روشنی میں نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر احتجاج کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کی جان سے کھیلا جارہاہے ،نواز شریف کی سرکاری طبی رپورٹس میں سنگین خطرات کی واضح نشاندہی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ثبوت ہیں کہ عمران نیازی کے حکم پر نواز شریف کوہسپتال نہیں لے جایا جارہا ۔ خدانخواستہ نواز شریف کوکچھ ہوا تو عمران نیازی کوقاتل ٹھہرائیں گے ۔ عوام کے حق کے لئے لڑنے والے قائد کی خاطر ہر خطرے سے ٹکرا جائیں گے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات واضح ثبوت ہیں کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کانشانہ بنایا جارہاہے ۔عقل سے عاری ، تکبر سے بھرے حکمران اپنی حماقتوں سے خانہ جنگی کروانے پر تلے ہوئے ہیں۔نواز شریف کو ہسپتال منتقل نہ کرنا حکومتی بے حسی اور سیاسی انتقام پر مبنی پالیسی ہے ۔جیل مینوئل پر عمل نہ کرکے کم ظرف حکمران قانونی شکنی مرتکب ہورہے ہیں۔