میاں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس صرف 16 ہزار رہ گئے، انتہائی تشویشناک خبر آگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 16 ہزار رہ گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عدنان خان نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ان کی پیر کے روز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ان کے علاج معالجے کے سلسلے میں ملاقات ہوئی۔ ’ نواز شریف کی صحت دیکھنے میں ہی خراب لگ رہی تھی، انہیں متعدد جان لیوا صحت کے مسائل کا سامنا ہے، میں نے ان کو فوری طور پر علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے کیونکہ یہ انتہائی ایمرجنسی معاملہ ہے۔‘
ڈاکٹر عدنان خان نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس انتہائی کم رہ گئے ہیں اس لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرکے ان کا علاج کرنے کی ضرورت ہے، میں نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ برائے مہربانی اس کام میں جلدی کریں۔
ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی 2 رپورٹس شیئر کی ہیں جن میں سے ایک سرکاری جبکہ دوسری شریف میڈیکل سٹی کی ہے۔ سرکاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس صرف 16 ہزار رہ گئے ہیں جبکہ شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 12 ہزار تک گر چکے ہیں۔