نواز شریف کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے،نقصان پہنچا تو عوام کا ہاتھ اور عمران صاحب کا گریبان ہوگا:مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےجیل میں قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خرابی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر خدانخواستہ نوازشریف کو نقصان پہنچا تو عوام کا ہاتھ اور عمران صاحب کا گریبان ہوگا،ذاتی معالج نے سرکاری رپورٹس دیکھ کر خبردار کیا ہے کہ نوازشریف کی جان کو سخت خطرہ ہے سرکاری طبی رپورٹس میں ان طبی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے،دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر میاں نواز شریف کے ٹیسٹوں کی رپورٹس بھی شیئر کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہعوام کے وزیراعظم محمد نوازشریف کی جان کو سنگین طبی خطرات لاحق ہیں، فوری ہسپتال منتقل کیاجائے،خون میں سفید خلیوں کی تعداد میں نمایاں کمی انتہائی خطرناک علامت ہے، نظرانداز کرنا جان لیوا ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیسی کم ظرف،ظالم اور بےحس حکومت ہے جو سیاسی مخالف کو علاج، خوراک اور دوا سے محروم کرتی ہے،عمران صاحب نوازشریف کو ہسپتال منتقل نہ کرکے آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ چھپ نہیں سکتا.مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب علاج سے محروم رکھ کر آپ نوازشریف کو عوام کے حق کی بات کرنے سے دستبردار نہیں کراسکتے نوازشریف کی روٹی بند کرنے، اے سی اتارنے اور دوائی وعلاج بند کرنے سے ملک کا جی ڈی پی نہیں بڑھ جائے گا،نوازشریف آپ کے علاج، ہسپتال کو ٹھوکر مارتا ہے.انہوں نے کہا کہعمران صاحب قانون کے تحت قیدی کے قانونی حقوق پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،عمران صاحب سیاسی انتقام میں اندھے، بہرے اور گونگے نہ بنیں، عمران صاحب ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نوازشریف کو ملک میں سی پیک لانے کی سزا دے رہے ہیں؟نوازشریف کو ملک میں گیارہ ہزار میگاوٹ بجلی لاکر غریبوں کو اندھیروں سے نجات دینے کی سزا مل رہی ہے، نوازشریف کو سزا مل رہی ہے کہ اس نے پاکستان کو معاشی ترقی کیوں دی، غربت تین فیصد پر کیوں لایا?.