’پلیٹ لیٹس کم ہونے کی ایک وجہ پوائزننگ(یعنی زہر )بھی ہو سکتی ہے ‘حسین نواز نے انتہائی تشویشناک بات کہہ دی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ پلیٹ لیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر خورانی بھی ہوسکتی ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کی خرابی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ ’پلیٹ لیٹس کم ہونے کی ایک وجہ پوائزننگ (یعنی زہر ) بھی ہو سکتی ہے جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو۔‘
انہوں نے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو مخاطب کرکے کہا ’کسی کو شبہے کا فائدہ نہ دیں، اگر میاں صاحب کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔‘
حسین نواز نے اپنے والد کے پلیٹ لیٹ کم ہونے کی وجہ زہر خورانی کے دعویٰ کو سچ ثابت کرنے کیلئے ایک رپورٹ کا لنک بھی شیئر کیا جس میں پلیٹ لیٹس کم ہونے کی وجوہات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ حسین نواز نے کہا ’یہ آج کا نہیں بہت عرصے سے طے شدہ طبی معاملہ ہے کہ پلیٹ لیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔‘
خیال رہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے ٹوئٹر پر 2 میڈیکل رپورٹس شیئر کی ہیں جن میں سے ایک سرکاری اور دوسری شریف میڈیکل سٹی کی ہے۔ سرکاری میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد صرف 16 ہزار رہ گئی ہے جبکہ شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹ میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 12 ہزار بتائی گئی ہے۔