فیٹف کا اجلاس آج شیڈول: منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج پیرس میں شیڈول ہے۔ منی لانڈرنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان کے گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا ورچوئل اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے جو 23 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے 27 اہداف پورے کر رہا ہے، گرے لسٹ سے نکالنے کے قوی امکانات ہیں۔ بھارت کے منفی پراپیگنڈا کی وجہ سے پاکستان کو جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا۔
پاکستان ایف اے ٹی ایف کے دیئے گئے اہداف پر سختی سے عمل کرتا رہا اور سخت ترین اقدامات کئے۔ قانون سازی کے تحت بیرون ملک 10 ہزار ڈالر لے جانے پر سٹیٹ بینک کی اجازت لینا ہوگی۔ سونے، جوہرات، قیمتی پتھر اور دھاتوں کی خرید و فروخت کو بھی دستاویزی بنا دیاگیا، کسی بھی لین دین کی مالیت اگر 20 لاکھ روپے سے زائد ہوگی تو شناختی کارڈ جمع کرانا لازم قرار دیا گیا۔
حکومت نے کمپنیز ایکٹ میں ضروری ترامیم کر کے بے نامی شیئرز ہولڈز کا خاتمہ کر دیا، منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے 40 ہزار روپے کے پرائز بانڈ کی رجسٹریشن کیساتھ بے نامی بانڈز منسوخ کیے گئے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی گائیڈ لائنز کے مطابق کالعدم تنظیموں کے رہنماو¿ں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے اور اثاثے اور اکاؤنٹس منجمند کر دئیے گئے۔ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف نیب کو کارروائی کا اختیار دیا گیا، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو 180 دن تک تحویل میں رکھنے کا سخت قانون بھی منظور کیا گیا۔