” معلوم کرو شیخ رشید کو یہ کس نے بتایا “ کراچی دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر سوال اٹھ گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی میں عمارت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 20 افراد زخمی ہیں ۔تاہم اس دھماکے کو لے کر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اس دھماکے کو لے کر یہ سوال تیزی کے سے گردش کرتا دکھائی دے رہاہے کہ ان واقعات کا علم پہلے سے ہی شیخ رشید کو کس طرح ہو جاتاہے جیساکہ انہوں نے دو ہفتے قبل ہی پیشگوئی کی تھی کہ مبینہ طورپر دہشتگردی ہو سکتی ہے ۔
صحافی فیصل پاشا نے بھی آج مسکن چورنگی میں ہونے والے دھماکے کو مد نظر رکھتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ” ان چیزوں کی پیشگوئی شیخ رشید نامی مخبر ایک ہفتہ پہلے ہی کر چکاہے ، اس کو کون اطلاعات دیتا رہاہے یہ سوالیہ نشان ہے ؟ دعا کریں ان کی پیشگوئیوں کی بھینٹ مزید عوام نہ چڑھے ، آنے والے دنوں میں ۔“
صابر محمود نے بھی ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کچھ اسی طرح کا سوال دہرایا اور کہا کہ ”کراچی دھماکے میں اب تک تین افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں اس دہشت گردی کا مقدمہ شیخ رشید پر درج ہونا چاہیے جس نے اپوزیشن کے جلسوں کے تناظر میں دھمکی دی دیتے ہوئے دو ہفتے قبل کہا تھا کہ ملک میں دہشت گردی ہو سکتی ہے دھماکے ہوسکتے ہیں۔“
یاد رہے کہ رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغازکر دیاہے جبکہ دھماکے کی نوعیت کا بھی پتا لگایا جارہاہے ، عمارے کے پہلے فلور پر موجود فلیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیاہے جبکہ گراونڈ فلور پر موجود بینک کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیاہے تاہم 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔