سندھ جزائر بارے صدارتی آرڈیننس، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے وفاق کو بڑا دھچکا دینے کا اعلان کردیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنمااور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نےکہاہےکہ سندھ کے جزائر پر بنائی گئی آئی لینڈ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں،صدارتی آرڈیننس کو سندھ اسمبلی کے ذریعےغیر موثر کیاجائیگا۔
سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی صدارتی آرڈیننس پر سندھ اسمبلی میں قرارداد لائی ہے،صدارتی آرڈیننس کو آئین کے آرٹیکل1،172کیخلاف قرار دیا گیا،قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت کو آئی لینڈ اتھارٹی آرڈیننس مسترد کرنے کا کہا ہے،وفاقی حکومت صدارتی آرڈیننس کو منسوخ کرنے کیلئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھیجے۔
انہوں نےکہا کہ آج سندھ اسمبلی میں تاریخی دن ہے،سندھ کے عوام کے سامنے آج یہ عیاں ہو گیا کہ کون کون سی سیاسی جماعتیں سندھ کی عوام اور سندھ کی مٹی اور جزیروں کے ساتھ کھڑی ہیں،صدارتی آرڈیننس سندھ کی عوام کے خلاف ہے، ماہی گیروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے جس پر ہم نے قراردادپیش کی،پیپلز پارٹی ارکان اس بات کا اظہار کریں گے کہ صدارتی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل ایک 97 ,172 اور 239 کے خلاف ہے بالخصوص بھنڈار سندھ کے عوام کی ملکیت ہے جس پر وفاقی حکومت قابض ہونے کی کوشش کررہی ہے پیپلز پارٹی آئین اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کاکہنا تھا کہ ہماری قرارداد اس بات کا ثبوت ہےکہ ہم آئین کی سربلندی پریقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی اور متحدہ قومی موومنٹ وفاقی حکومت کاحصہ ہیں اور اسی حکومت نے غیرآئینی آرڈیننس جاری کیا ،ہم عوام کے حقوق کو آئینی تحفظ فراہم کرنے والے تمام اقدامات اٹھائیں گے،تمام آئی لینڈ ہماری ملکیت ہیں۔