سندھ حکومت نے پولیس کے ساتھ مل کر ڈرامہ کیا:صداقت علی عباسی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ایک بہت بڑا ڈرامہ ہے، اور سندھ حکومت نے پولیس کو بھی ڈرامہ میں شریک کر لیا۔بلاول نے آرمی چیف سے نوٹس کا مطالبہ کیا انہوںنے تحقیقات کا حکم دے دیاہے۔
نجی ٹی وی سماءنیوز کے پروگرام میں بات کر تے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہاکہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ایک بہت بڑا ڈرامہ ہے، اور سندھ حکومت نے پولیس کو بھی ڈرامہ میں شریک کر لیا۔ پولیس نے دروزاہ توڑ کر گرفتارکیا تو اس کے ذمہ دار آئی جی اور وزیراعلیٰ سندھ ہیں، پولیس کے کام چھوڑنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت نالائق ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے آرمی چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا تو انہوںنے اسی وقت واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن خود کرپشن میں ملوث ہے، ان کے پاس اب سیاست میں کچھ کرنے کے لیے رہا نہیں ، ان کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اسی لیے یہ اداروں کو گالیاں دے رہے ہیں۔
صداقت علی عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں سے مفرور مجرم باہر بیٹھ کر ملک کے اداروں کو روزانہ گالیاں دیتا ہے ، اب پاکستانی عوام سمجھ چکے ہیںان کا بیانیہ اور بیانات اب پاکستان میں نہیں چل سکےں گے۔