ایجوکیشن رائونڈ اپ

ایجوکیشن رائونڈ اپ

  

پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل نیازی کاسانحہئ ارتحال

 رواں ہفتے کے دوران معروف شاعر کالم نگار، استاد، دانش ور اور اولڈ راوین پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل نیازی طویل علالت کے بعد سفر آخرت پر روانہ ہوئے۔ ان کی نماز جنازہ میں صحافیوں، ادیبوں، اساتذہ اور ان کے قدیم طلبا و طالبات نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر اجمل نیازی اپنے زمانہ ء طالب علمی میں راوی کے ایڈیٹر رہے۔ طویل عرصہ روزنامہ ”دن“ اور ”نوائے وقت“ میں ”بے نیازیاں“ کے عنوان سے کالم لکھتے رہے وہ ایک درویش منش انسان تھے اور تصوف و عرفان سے ان کا گہرا تعلق تھا۔ ایک طویل عرصہ ”ہم سخن ساتھی“ سے بھی وابستہ رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اجمل نیازی نے گورنمنٹ کالج لاہور، گورنمنٹ ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی میں تدریسی فرائض سرانجام دیئے۔ ان کے رفقائے کار میں ڈاکٹر حسن رضوی مرحوم، پروفیسر عطاء الحق قاسمی، پروفیسر ڈاکٹر طارق عزیز اور راقم الحروف بھی شامل تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر اجمل نیازی کو لاہور کی علمی و ادبی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جاتا تھا اور بہت سی تقریبات میں بطور مہمان مقرر بھی مدعو کئے جاتے تھے۔ وہ لاہور کی علمی و ادبی محفلوں کی جان تھے۔ ان کی وفات سے علمی و ادبی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔

پنجاب بھر کے کالجوں میں بی ایس آنرز اور سال اول کے داخلوں کا آغاز

پنجاب بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بی ایس آنرز کے داخلے شروع ہو گئے ہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے بورڈز کے نتائج کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر تحریری امتحان اور انٹرویوز کے نمبر الگ سے رکھے ہیں۔ بورڈز کے نتائج عجیب و غریب آئے ہیں اور طلبا و طالبات کی کامیابی کا تناسب اور حاصل کردہ نمبر بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے میرٹ کا تعین کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

محمد بوٹا نجم کا انتقال

حکومت پنجاب محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکرٹری محمد بوٹا نجم مختصر عدالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں تعینات رہے اور پہلے لاہور بعد ازاں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بطور ڈپٹی سیکرٹری خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

راوی کی اشاعت

ایک طویل عرصہ سے راوی کے ایک خصوصی شمارے کی آمد کا سن رہے ہیں لیکن نامعلوم انتظامی وجوہات کے باعث گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا یہ علمی، ادبی اور تحقیقی مجلہ منظر عام پر نہیں آ سکا۔ امید ہے کہ علم دوست وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، پروفیسر ڈاکٹر سعادت حسن سعید اور پروفیسر صدیق اعوان راوی کی اشاعت کا جلد اہتمام کریں گے۔

نیوہوسٹل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی

 صد سالہ تقریبات

نیو ہاسٹل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے قیام کو سوسال مکمل ہو چکے ہیں۔ ہوسٹل کی صد سالہ تقریبات کا پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔ ہوسٹل کے علمی و ادبی مجلہ پطرس میں اولڈ راونیز کے مضامین شائع کئے جائیں گے نیوہوسٹل میں معروف اولڈ راوینز کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔ پرانے مکینوں کو ہوسٹل کا وزٹ بھی کروایا جائیگا۔ ان تقریبات کے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی وارڈن پروفیسر سید سلطان شاہ، سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر بابر ایاز،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نور رحمن پطرس کی مجلس ادارت اور ہوسٹل کے مکین بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔

٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -