ڈاکٹر محمد اجمل نیازی مرحوم

ڈاکٹر محمد اجمل نیازی مرحوم

  

پاکستان کے ممتاز ادیب، شاعر اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی لاہور میں انتقال کر گئے۔وہ ایک عرصہ سے صاحب ِ فراش تھے۔ڈاکٹر صاحب روزنامہ ”نوائے وقت“ سے وابستہ رہے،اور ”بے نیازیاں“ کے عنوان سے شائع ہونے والے کالم نے ایک عالم کو ان کا دیوانہ بنا دیا۔ڈاکٹر صاحب مرحوم نے ایک استاد کے طور پر عملی زندگی کا آغاز کیا،اور پنجاب کے ممتاز تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دیتے رہے۔گورنمنٹ کالج لاہور سے ریٹائر ہوئے،ان کے سینکڑوں شاگرد آج پاکستان کے گوشے گوشے میں موجود ہیں،اور اپنے استاد کی روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔کالم نگار کے طور پر ان کی بے ساختگی اور بے باکی نے اپنا لوہا منوایا۔ان کے سر پر ہر وقت پگڑی موجود رہتی جو انہیں منفرد تشخص عطا کرتی تھی۔ لباس کی طرح وہ اپنے الفاظ،اقدار اور  روایات کے حوالے سے بھی اپنی پہچان آپ تھے۔ان کی متعدد کتابیں اور سفری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ ان کے قارئین اور مداح انہیں بھلا نہیں پائیں گے۔انہوں نے محنت اور صلاحیت کے بل پر جو مقام حاصل کیا تھا، اسے رشک کی نگاہوں سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ اپنے ہم عصروں میں ممتاز رہے،اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے،اور آج کے قلم کاروں کو ان کی سی حرف شناسی عطا کر دے۔

مزید :

رائے -اداریہ -