ہمیں دنیا وآخرت سنوارنے کیلئے حضوراکرمؐ کے اخلاق حسنہ پر عمل کرنا ہوگا: گورنر پنجاب 

ہمیں دنیا وآخرت سنوارنے کیلئے حضوراکرمؐ کے اخلاق حسنہ پر عمل کرنا ہوگا: ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی ہدایت پر جشن عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں گور نر ہاؤس لاہور میں 3روزہ تقر یبات کا انعقاد۔ 5ہزار سے زائد افراد میں لنگر تقسیم کر نے کے ساتھ ساتھ جشن عید میلادا لبنیؐ کے حوالے سے گور نر ہاؤس کے اندر اور باہر خصوصی لائٹنگ بھی کی گئیں۔محفل نعت میں بھی عوام کی بھر پور شر کت۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی خصوصی ہدایت پرگور نر ہاؤس لاہور میں جشن عیدمیلاد النبی ؐکے حوالے سے تین روز تک تقر یبات جاری رہیں جن میں گور نر ہاؤس لاہور کے دروازے عوام کے لیے کھلے رہے اور محفل میلاد سمیت دیگر تقر یبات میں شر کت کیلئے آنیوالے افرادمیں لنگر بھی تقسیم ہوتا رہا۔اس حوالے سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہمیں حضور اکرم ؐ کے اخلاق حسنہ،عدل، مساوات اور کردار کی بلندی پر عمل کرنا چاہئے،ہمیں دنیا و آخرت سنوارنے کیلئے حضور اکرم ؐ کے اخلاق حسنہ پر عمل کرنا ہوگا۔ اْنہوں نے کہا کہ حضرت محمد ؐتمام انسانیت کے لیے رحمت بن کے آئے، آپ ؐکی ولادت با سعادت سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے،آپؐ کے اسوہ حسنہ پہ عمل پیرا ہو کر ہی دین و دنیا کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں نبی پاکؐ کے ابدی پیغام انسانوں سے محبت، ظلم سے نفرت اور مظلوموں کی ڈھارس بننا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین کے سلسلے میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر گورنر ہاؤس میں 3 دن کے لیے لنگر خانہ کھولا گیا،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دنیا کی پریشانیوں اور مسائل میں ہمیں ہر لمحہ رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید اور سیرت رسول ؐہمیں ہر لمحہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسلام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔

گور نر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -