اسحاق ڈار میں ہمت ہے تو میرے خلاف دعویٰ دائر کریں،شہزاد اکبر کا چیلنج 

 اسحاق ڈار میں ہمت ہے تو میرے خلاف دعویٰ دائر کریں،شہزاد اکبر کا چیلنج 

  

 اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار میں تھوڑی سی بھی ہمت ہے تو میرے خلاف دعویٰ دائر کریں،اسحاق ڈار الطاف حسین کی طرح برطانیہ میں سیاسی پناہ میں رہ رہے ہیں، اسحاق ڈار بھی نواز شریف کی طرح وزٹ ویزے پر برطانیہ گئے تھے، تین سال ہو گئے ہیں واپس نہیں آ رہے، مفرور شخص برطانیہ میں بیٹھا ہے،یہاں سینیٹر ہے جو ہمارے نظام انصاف کے ساتھ ایک مذاق ہے، اسحاق ڈار سے ہرگز کوئی معافی نہیں مانگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنا شریف خاندان کی عادت بن گئی ہے۔ مشیر احتساب نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے اسحاق ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنسز دائر ہو چکے تھے، منی لانڈرنگ ریفرنسز میں ان کے خلاف کئی والیم ہیں، ان کے خلاف کیسز کے ثبوت دستاویزات کی صورت میں موجود ہیں، عدالتی احکامات پر پاکستان کی اسحاق ڈار کی تمام جائیدادیں ضبط ہو چکی ہیں، پاکستانی قانون کے مطابق ایک مفرور شخص کو اس بات کا حق بھی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنا مدعا بیان کر سکے۔ میری اطلاع کے مطابق اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دے رکھی تھی جو منظور ہو گئی ہے۔

 اسحاق ڈار

مزید :

صفحہ آخر -