حکومت ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے،جماعت اسلامی

        حکومت ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے،جماعت اسلامی

  

پشاور(سٹی رپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی وممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان  نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ آئین پاکستان کا تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبہ بھر سے سیاسی کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ پروفیسر ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی شکست کی ڈر سے بلدیاتی انتخابات کی انعقا د میں لیت و لعل سے کا م لے رہی ہے حالانکہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کے لیے نرسری ہے اور اس کے انعقاد پی ٹی آئی حکومت کے لیے بھی بہتر ہے۔ ملک میں حالیہ مہنگائی کے حوالے سے اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے لوگ فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مہم کا آغاز کردیا ہے اور ابتدائی طور پر تحصیل اور ضلعی ہیڈکوارٹر پر جلسے کیے جارہے ہیں۔ جب کہ 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں بڑا مارچ ہوگا۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ قبائیلی اضلاع کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے ان کو پورا کیا جائے اور قبائیلی اضلاع میں محرومیوں کے خاتمے کے لیے وعدوں پر عمل درآمد کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -