سخاکوٹ،پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو دھچکا،درجنوں خاندان پی پی میں شامل
سخاکوٹ(نمائندہ پاکستان) تحصیل درگئی میں پاکستان تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں کارکن خاندانوں سمیت مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ شمولیت کے سلسلے میں ایک بڑا اجتماع یونین کونسل کوٹ گاؤں سورخٹ میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی پی پی پی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور سابق ایم پی اے سید محمد علی شاہ باچہ تھے۔ اجتماع سے سابق ناظم فیاض گل اتمان خیل سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس دوران سید محمد علی شاہ باچہ اور دیگر قائدین نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو پی پی پی کی ٹوپیاں پہنائیں۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ حکمرانوں نے غربت کی بجائے غریب کش پالیسی اپنائی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کرکے غریب عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے اور اسی ظالمانہ پالیسی اور کمرتوڑ مہنگائی سے غریب آدمی خودکشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار دینے کی بجائے لوگوں سے روزگار چھینا گیا ہے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا گیا جبکہ پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کے نعرے لگانے والوں نے لاکھوں گھروں کو بے گھر کردیا گیاہے۔ صوبائی سینئر نائب صدر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کو اپنے سمت کا بھی پتہ نہیں ہے اور ساڑھے تین سالوں میں ملک کو مسائل، مہنگائی، بد آمنی، بے روزگاری اور لاقانونیت کی دلدل میں دھکیل کر سارا ملبہ سابق حکومتوں پر ڈال رہے ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کانہ کوئی منزل ہے اور نہ ہی کو ئی مستقبل اس لئے صرف اقتدار کے مزے لیکر لوٹ مار اور بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ہے جبکہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور انشا اللہ شفاف انتخابات ہوئیں تو عوام بھاری اکثریت سے پی پی پی کامیاب کراکر مرکز اور صوبوں میں حکومتیں پی پی پی کی بنے گی۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے کارکنوں نے پی ٹی آئی سے وابستہ تمام امیدیں محض ایک سیراب قراردیکر پی پی پی کے صوبائی سینئر نائب صدر سید محمد علی شاہ باچہ اور دیگر قائدین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔