سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے‘ ارباب فاروق جان

سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے‘ ارباب فاروق جان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ملک میں ہر طبقہ احتجاج پر ہے جبکہ نا اہل حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے کہا کہ ہر ماہ دو سے تین مرتبہ ٹیکسز اور بجلی‘ گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے جبکہ وزراء‘ معاونین خصوصی اور مشیروں کی فوج وزیر اعظم کو سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومتی ارکان مہنگائی نہ ہونے کا کہہ رہے ہیں وہ ایوانوں سے نکل کر غریب عوام کا حال پوچھیں کہ وہ کن مسائل کا سامنا کر ر ہے ہیں اور کس قدر مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی وزراء سیاسی بیانات کے ذریعے عوام کی دل آزاری کر رہے ہیں جو ان کو اور ان کی نا اہل و نالائق حکومت کو بہت جلد لے ڈوبے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ سلیکٹڈ حکومت سے عاجز آگئے ہیں اور ملک میں عام انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس میں سے کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ہے تحریک انصاف کی حکومت میں تین سال کے دوران عوام نے جتنے مسائل کا سامنا کیا یہ آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مستعفی ہو جائے اور ملک میں عام انتخابات کئے جائیں تاکہ اہل حکومت بر سر اقتدار آکر ملک کے عوام کو ریلیف دے۔