پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدو د میں داخل ہونے سے روک دیا

  پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدو د میں داخل ہونے سے روک دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)  پاکستان بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ افواج پاکستان نے بھارت کی ایک اور چال کو ناکام بنا کر اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور اس مرتبہ یہ کارنامہ پاک بحریہ نے انجام دیا ہے جس نے جاسوسی اور جنگی مقاصد سے چوری چھپے پاکستان کی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ 16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاکستان بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا۔ بھارتی بحریہ اپنی آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے لیکن سمندری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے سخت نگرانی جاری ہے، یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے سراغ لگایا گیا، حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے عزم کاعکاس ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں۔تفصیلا ت کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے  کہا کہ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کاپہلے ہی بہت معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز حمزہ کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزیدپُختاہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھاکہ پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی کوشش تشویش ناک ہے۔  انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیئے ہیں،پاک بحریہ نے دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں بے نقاب بھی کیا ہے۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبدوز کی دخل اندازی کے واقعات سے بھارت کے جارحانہ عزائم کا پردہ چاک ہو چکا ہے،جارحانہ عزائم کے خلاف ہر پاکستانی دشمن کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھارتی آبدوز کا بروقت سراغ لگانے اور پاکستانی حدود سے مار بھگانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر پاک بحریہ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت، ہوشیاری اور ارض پاک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہونے کی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی آرمی، فضائیہ اور بحریہ نے ارض وطن کے تحفظ کے لئے ہمیشہ شجاعت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، قوم اپنی بحریہ کی پیشہ وارانہ تیاری اور چوکسی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی صلاحیت اور پیشہ وارانہ تیاری کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کے لئیانعام اور اعزازات کا اعلان کیا جائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام کیا بلکہ انہیں بے نقاب بھی کیا، میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویش ناک ہے، عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے، انہوں نے آبدوز کی دخل اندازی کے مسلسل واقعات کو بھارت کے جارحانہ عزائم کا پردہ چاک ہونے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا جان لے کہ جارحانہ عزائم کے خلاف ہر پاکستانی اپنے دشمن کے لئے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

بھارتی آبدوز

مزید :

صفحہ اول -