باجوڑ میں بم دھماکہ، پولیس اور ایف سی کے 4اہلکار شہید، ہنگو میں چیک پوسٹ پر حملہ، سپاہی وطن پر قربان
باجوڑ، ہنگو (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے تیر بانڈہ گئی میں بم دھماکے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صمدخان کے مطابق باجوڑ کی تحصیل وڑماموند کے علاقے تیر بانڈہ گئی میں بم سڑک کنارے نصب تھا جبکہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیاگیا۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں جن کی شناخت عبدالصمد، نورحمان، جمشید اور مدثر کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسرے واقعہ میں خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس کے با عث پاک فوج کا سپاہی شہید ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیو ر ٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہو گیا، شہید ہونیوالے جوان کا نام وقاص اور ان کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
شہید