ن لیگ کی اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست بچانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست بچانے کیلئے متحرک ہوگئی، منتخب نمائندے کا 60 روز میں حلف لازمی قرار دینے سے متعلق آرڈ یننس کیخلاف درخواست مسترد ہونے پر انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی۔مسلم لیگ (ن) کی دائر درخواست میں وفاق، وزارت قانون، الیکشن کمیشن اور سیکرٹری سینیٹ کو فریق بنایاگیا ہے۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے حکومت کو خد شہ تھا وہ ایسے قانون پر پارلیمنٹ میں اتفاق رائے نہیں کروا سکے گی، جلد بازی میں جاری کئے گئے آرڈیننس سے بدنیتی واضح ہے، آرڈ یننس میں کہا گیا 60 روز میں حلف نہ لینے پر نشست خالی ہو جائیگی، عام انتخابات 2023ء میں ہونے ہیں،اسوقت اس آرڈیننس کی ضرور ت نہیں تھی۔ درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی رکن کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے روکا جائے۔واضح رہے اس سے قبل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دی تھی۔دوسری جانب احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شریک ملزم کے وکیل قاضی مصباح کے ڈینگی مر ض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے سماعت بغیر کسی کارروائی کے تین نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اسحاق ڈار