وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے ، ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید بھی ہمراہ
کابل ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں ۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق چیئرمین پی آئی اے ، نادرا ، ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ افغانستان پہنچے ۔ کابل ہوائی اڈے پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن آخوند سے ملاقات کی ، ملاقات میں افغانستان کی حکومت کے وزیر خارجہ امیرخان متقی اور پاکستانی وفد کے ارکان بھی شریک تھے ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،تجارتی واقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانےپربات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں افغان عوام کومعاشی بحران سےنکالنےکیلئےمختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کاخواہاں ہے، انسانی بنیادوں پرافغان بھائیوں کی مدد کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان افغانستان کےساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانےکامتمنی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کیلئے کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے ، پاکستان نے افغانستان سے بارڈر کراسنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا ، پاکستان نے سہولت کیلئے نئی ویزہ رجیم متعارف کرائی ، ہم افغانستان سے تجارت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔