دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی:اسفندولی
چارسدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھا جائے گااو ر وہ اس معاملے پر پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ چارسدہ میں باچاخان یونیورسٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی نے کہا کہ جہالت اور ظلم و جبر کا مقابلہ صرف اتحاد ہی سے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونوں کی ترقی تعلیم اور تجارت سے وابستہ ہیں۔آئندہ انتخابات میں اے این پی بھرپور حصہ لے گی اور بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے اعلان کیا کہ صوبے کے 25 ہزار ہونہار طلبہ میں ایک ارب روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ تورغر اور کوہستان میں مڈل سکول کی طالبات کو 1500 روپے اور ہائی سکول کی طالبات کو 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔