گستاخ فلم پراحتجاج، حب رسولﷺ کا آئینہ دار ہوناچاہیے:مجیب الرحمان شامی

گستاخ فلم پراحتجاج، حب رسولﷺ کا آئینہ دار ہوناچاہیے:مجیب الرحمان شامی
گستاخ فلم پراحتجاج، حب رسولﷺ کا آئینہ دار ہوناچاہیے:مجیب الرحمان شامی

  

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف حکومتی ،مذہبی اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماءمل کر کانفرنس کر یں تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ اس معاملے پر تمام پاکستان یکسو ہے۔ان کاکہنا تھا کہ گستاخانہ فلم کسی ایک جماعت،فرقے،صوبے یا ملک کامسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ تمام عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے لہذا اس معاملے کو او آئی سی میں جانا چاہیے۔ دنیا نیوز کے پروگرام” نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ حب رسول کا تقاضا یہی ہے کہ ردعمل میں وہ ہی کام کیا جائے جو رسول سے محبت کا آئینہ دار ہو۔انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جب یہودی امریکہ میں قیام پذیر ہو رہے تھے تو ان کے خلاف امریکی معاشرے میں بہت تعصب تھا اور لوگ ان کو بڑی حقارت کی نگا ہ سے دیکھتے تھے ۔یہودیوں نے آہستہ آہستہ منصوبہ بندی کے ساتھ امریکی معاشرے میں موجودہ مقام حاصل کیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ آج بارک اوبامہ اورمٹ رومنی کے درمیان یہودیوں کو خوش کرنے کے لیے دوڑ لگی ہوئی ہے۔ مجیب الرحمان شامی نے بتایا کہ مٹ رومنی اوبامہ پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کاز کے ساتھ نہیں ہے اور یہ یہودیوں کو دھوکہ دیں گے جبکہ دوسری جانب اوبامہ انتظامیہ مٹ رومنی کے الزامات کی صفائی پیش کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، مصر ،لبنان ،سوڈان سمیت تمام اسلامی ممالک میں مسلمانوں کے دلوںمیں آگ لگی ہوئی ہے۔اس صورتحال اسلامی ممالک کو اکھٹے بیٹھ کر معاملے کاحل نکالناچاہیے۔

مزید : لاہور