لاہور سے حج پروازوں کی روانگی شروع 37 ہزار عازمین حجاز مقدس جائیں گے

لاہور سے حج پروازوں کی روانگی شروع 37 ہزار عازمین حجاز مقدس جائیں گے

لاہور (ڈویلپمنٹ سیل) لاہور سے حج پروازوں کی روانگی گزشتہ روز شروع ہو گئی - وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی‘ جوائنٹ سیکرٹری وزارت مذہبی امور شہزاد احمد‘ ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک اور حاجی کیمپ لاہور کے عملے نے لاہور ائر پورٹ کے حج ٹرمینل پر گورنمنٹ سکیم کے حاجیوں کی پہلی پروازکو الوداع کہا جو 503 حاجیوں کو لے کرصبح سات بج کر 10منٹ پر لاہور ائر پورٹ کے حج ٹرمینل سے حجاز مقدس روانہ ہو ئی - گزشتہ ر وز دو پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک ہزار پانچ عازمین جدہ پہنچے - ایک ماہ تک جاری رہنے والے پری حج آپریشن کے دوران لاہور سے مختلف فضائی کمپنیوں کی مجموعی طور پر61پروازیں 37ہزار حاجیوں کو سعودی عرب پہنچائیں گے اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ پاکستان سے جانے والے ایک لاکھ اسی ہزار عازمین حج دنیا بھر سے آنے والے 30لاکھ مسلمانوںکے بین الاقوامی اجتماع میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اسلئے یہ ان کا قومی فریضہ ہے کہ وہ دوران حج ہر موقع اورمرحلے پر جہاں اپنے او ر اپنے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے لئے دعا کریں وہاں اپنے پیارے وطن پاکستان کی ترقی ‘ سلامتی‘ خوشحالی ‘ استحکام اور دوام کے لئے بھی مخلصانہ دعائیں ضرور کریں-سعودی عرب میں قیام کے دوران ذمہ دارانہ طرزعمل کا مظاہرہ کریں-وہاں کے قوانین کی پابندی کریں اور ایک مہذب اور ذمہ دار قوم کا فرد ہونے کا ثبوت دیں۔

مزید : صفحہ آخر