شفاف انتخا بات کو یقینی بنانے کےلئے صدر زرداری کا مواخذہ کرنا ہوگا،نواز شریف

شفاف انتخا بات کو یقینی بنانے کےلئے صدر زرداری کا مواخذہ کرنا ہوگا،نواز شریف

لاہور(اے پی اے+ این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی ریاض حسین پیرزادہ نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کی ۔جس میںملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ‘ جنوبی پنجاب ‘بہاولپور اور چولستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جاتی عمرہ رائیونڈ میںہونےوالی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ‘اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان‘خواجہ آصف ‘میاں سجاد حسین پیرزادہ‘اراکین اسمبلی کاظم علی پیرزادہ اورمحمد صفدر گل بھی موجود تھے ۔بتایا گیا ہے کہ ریاض حسین پیرزادہ نے نواز شریف سے ہونےوالی ملاقات میں (ن) لیگ میں شمولیت کی باقاعدہ یقین دہانی کر ادی ہے اور نواز شریف نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں پارٹی کو مضبوط بنانے میںمدد ملے گی ۔ ذرائع کے مطابق ریاض حسین پیرزاد کی (ن) لیگ میں شمولیت میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کا مرکزی کردار ہے ۔اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں عوام کو سخت مایوس کیا ہے اور حکومت کی کارکردگی صفر رہی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری ، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ جیسے اہم قومی مسائل موجودہ حکومت کی نااہلی اور بیڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی اس ناکامی میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تمام مسلم لیگیوں کے لئے کھلے ہیں، جن مسلم لیگیوں کو ہمارے ایجنڈے اور پروگرام سے اتفاق ہے ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ماضی میں اپنے دو ادھورے دور اقتدار میں پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ریکارڈ کام کئے ہیں۔ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں انشاءاللہ کامیابی حاصل کرکے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر دوبارہ وہیں سے شروع کرے گی جہاں ایک آمر نے 1999ءمیں اسے بزور بندوق ختم کردیاتھا۔ اس موقع پر ریاض پیر زادہ ایم این اے نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور بقاءکی خاطر تمام مسلم لیگیوں کو نوازشریف کی قیادت تلے متحد ہونا ہوگا۔ عوام موجودہ حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں سے سخت نالاں ہیں اور وہ پاکستان کے مسائل اور بحرانوں سے نجات کے لئے نوازشریف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور نواز شریف ہی پاکستان کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ ریاض پیر زادہ نے نوازشریف کو جنوبی پنجاب، بہاولپور اور چولستان کے عوام کی ترقی اور حقوق کے لئے مختلف تجاویز بھی دیں۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی زیر صدارت میں لاہور‘فیصل آباد اور راولپنڈی کی ڈویژنل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا جس میںمذکورہ ڈویژنوں کی انتخابی ‘سیاسی اور تنظیمی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ‘آئندہ عام انتخابات‘ نگراں سیٹ اپ ‘ عام انتخابات کےلئے پارٹی کی تیاریوں سمیت پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں آئندہ انتخابات قوم کے لئے ایک امتحان ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے نئے لوگ عوام کو 90دن میں دودھ کی نہریں بہانے کے سہانے خواب دکھا رہے ہیں لیکن اس میںکوئی حقیقت نہیں‘ عملی اقدامات میں دن ‘ مہینے نہیں بلکہ سالوں درکار ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف نے پارٹی کے تمام رہنماﺅں ، اراکین پارلیمینٹ، مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امن و انسانیت کے پیامبر محسن کائنات نبی کریمﷺ سے عقیدت و احترام کے اظہار کے لئے آج جمعة المبارک کی نماز کی ادائیگی کے بعد اجتماعی طور پر پرامن مظاہروں میں بھرپور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ایک ایسی پاک ہستی کے پیرو کار ہونے پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں۔ حضور اکرم نے اپنے ماننے والوں کو اپنے سے پہلے آنے والے تمام انبیاءکرام اور انہیں اللہ تعالیٰ کی جانب سے ملنے والے تمام مقدس پیغامات کو تسلیم کرنے اور ان کا احترام کرنے کا درس دیا اور آج دنیا بھر کے مسلمان اپنے محبوب پیغمبرﷺ کی اس ہدایت پر خلوص دل سے عمل پیرا ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو آصف زرداری کی چالاکیوں سے پاک کرنے کے لئے ان کا مواخذہ کرنا ہوگا، آصف زرداری مفاہمت کے نام پر چال بازیاں کررہے ہیں پیپلزپارٹی اور ان کے اتحاد لوٹ مار میں مصروف ہے ان کو ملک و قوم کی کوئی فکرنہیں، آصف زرداری کی نگرانی میں شفاف انتخابات کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور ان کے اتحادی مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ان سے نجات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا اور پارلیمینٹ میں موجودہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ نہ سرف خود متحد ہوں بلکہ حکومتی اتحادی جماعتوں کو بھی ساتھ ملا کر زرداری کے مواخذہ پر راضی کریں۔

مزید : صفحہ اول