اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ، مظاہرین تمام رکاوٹیں عبور کرکے ریڈ زون میں داخل
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر میں دفعہ 144نافذ کر دی ہے جبکہ کمشنر آفس سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یوم عشق رسول ﷺ کے سلسلے میں اسلحہ لے کر بھی چلنے پر پابند ی ہوگی ۔ وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں کشیدگی کی صورتحال کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگادی ہے۔اس سے قبل گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیرودھائی روڈ پر مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری و نجی املاک کی توڑ پھوڑ کی اور عمارتوں پر پتھراﺅ کر کے ان کے شیشے توڑ دئیے ۔ مظاہرین نے آئی جے پی روڈ پر قائم ٹول پلازہ کے کیبن کو نقصان پہنچایا اور کیرج فیکٹری ٹول پلازہ کو بھی آگ لگادی ۔ مظاہرین بھر پور کوششوں اور پولیس سے تصادم کے باوجود تمام رکاوٹیں عبورکرتے ہوئے ریڈ زون میں داخل ہوگئے ہیں ۔ پولیس اور مظاہرین کے تصادم کے دوران پولیس مکمل طور پر بے بس ہوگئی اور پیچھے ہٹ گئی جس کی وجہ سے مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوگئے۔مشتعل مظاہرین پر قابو پانے کے لیے پولیس کی طرف سے ربڑ کی گولیوں کا استعمال بھی کیا جارہاہے جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144نافذ کی ہوئی ہے اور احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو گرفتار کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں ۔مظاہروں اورہنگاموں کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال بحال کرنے کے لیے ٹریفک پولیس نے اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کو بند کر دیا ہے ۔