پیپلز پارٹی جمہوریت کیلئے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے،عابد صدیقی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مئی 2013ء کے انتخابی عمل پر تحفظات کے باوجود جمہوریت کی بقاء کے لئے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا آئین کی بالادستی، جمہوریت کا تسلسل، قانون کی بالادستی پر پارٹی کسی سودے بازی پر یقین نہیں رکھتی پیپلز پارٹی عوامی سیاست کی دعوے دار ہونے کے ناطے عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی
انہوں نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور عوام کو بااختیار بنانا، ماضی اور حال کی سیاسی قیادت کی روایات ہیں اور انکے تحفظ اور فروغ کے لیے جتنی بھی قربانیاں دینا پڑیں پارٹی اور اسکے کارکن اسکے لیے ہمہ تن تیار ہیں مسلم لیگ( ن )کی ماضی اور حال کی حکومتیں سیلاب کی تباہ کاریوں کی ذمہ دار ہیں کیونکہ یہ پنجاب میں پچھلے 30سال سے برسراقتدار ہیں مسلم لیگ (ن )کی حکومت کی نااہلی ناقابل معافی ہے کیونکہ انہوں نے فلڈ کمیشن کی 2010 ء کی سفارشات کو عملی جامہ نہیں پہنایا ۔