امریکہ نے چین پر دوبارہ سائبر حملے کرنے کا الزام عائد کر دیا

امریکہ نے چین پر دوبارہ سائبر حملے کرنے کا الزام عائد کر دیا

  

                             واشنگٹن/ بیجنگ(این این آئی) امریکی سینٹ کے تحقیقات کاروں نے کہا ہے کہ چینی حکومت کے ہیکرز نے متعدد بار ایسی فضائی، ٹیکنالوجی اور دوسری کمپنیوں کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جن کی خدمات امریکی محکمہ دفاع حاصل کرتا ہے۔ سینٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی طرف سے رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چینی ہیکرز نے ان غیر سرکاری کمپنیوں کو نشانہ بنایا جن کی خدمات امریکی فوج، عملہ اور سازوسامان دنیا بھر میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ یہ رپورٹ جو ایک سال سے جاری تحقیق پر مبنی ہے، میں نشاندہی کی گئی ہے کہ کم از کم بیس بار ایسی مداخلت کی گئی ہے اور ان پیچیدہ اور خطرناک حملوں کو عام طور پر حکومتوں سے منسوب کیا جاتا ہے۔ سینٹ کمیٹی کے سربراہ سنیٹر کارل لیوین نے اس مداخلت کو بہت پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سائیبر سپیس میں چین کے مبینہ طور پر جارحانہ اقدامات کا ثبوت ہے۔ دوسری طرف چینی وزارت خارجہ نے امریکی سینٹ کمیٹی کے سائبر حملوں کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی الزامات بے بنیاد طور پر گھڑے گئے ہیں۔ چین کا قانون سائبر حملوں پر ضرب لگاتا ہے اور سائبر حملے کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -