پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن الیکشن‘ شاہنواز اشتیاق صدر منتخب

پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن الیکشن‘ شاہنواز اشتیاق صدر منتخب

  

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن سال برائے 2014-15ءکے لیے شاہنواز اشتیاق چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں جبکہ دیگر عہدیداروں میں میاں محمد شعیب ارشد سینئر وائس چیئرمین، صوفی محمد عظیم وائس چیئرمین لاہور سرکل، حنیف جیوانی وائس چیئرمین کراچی سرکل شامل ہیں۔ لاہور سرکل سے منتخب ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میں میاں منظور احمد، میاں محمد سعید، میاں عارف محمود، کریم عزیز ملک جبکہ کراچی سرکل سے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین منتخب ہونے والوں میں دیوان ابو عبیدہ فاروقی، اختر سعید، خرم اشتیاق اور سراج چتور شامل ہیں۔ پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے نتائج کا اعلان لاہور چیمبر میں منعقدہ 53ویں سالانہ اجلاس عام میں کیا گیا ۔ سٹیل انڈسٹری کے لیڈرز حافظ محمد اکبر، مراد اشرف اور سٹیل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین شاہنواز اشتیاق نے بجلی اور گیس کے ٹیرف میںکمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قلت سٹیل ری رولنگ ملز کے پیداواری عمل کو بہت بُری طرح متاثر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی چوری روکنے کے لیے فول پروف حکمت عملی اپنائے کیونکہ اس کی وجہ سے تمام سٹیل انڈسٹری تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز میں بہترین معیار کا بلٹ بنتا تھا لیکن اب یہ عمل معطل ہے لہذا درآمدی بلٹ پر ڈیوٹی سے گریز کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین عصمت پرویز نے کہا کہ سٹیل انڈسٹری کو لوڈشیڈنگ سے مثتثنیٰ قرار دیا جائے اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سے گریز کیا جائے ۔

سالانہ اجلاس عام میں ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان بھی کیا گیا ، شرکاءنے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کی کارکردگی کو سراہا۔

مزید :

کامرس -