حکومت طلباءکی حوصلہ افزائی کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے: کاشف انور

حکومت طلباءکی حوصلہ افزائی کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے: کاشف انور

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ حکومت نوجوان طلباءکی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے کیونکہ یہ قوم کا مستقبل ہیں، نوجوان ڈاکٹرز اور انجینئرز کو ملک میں ہی تمام سہولیات مہیا کی جائیں اور عملی میدان میں قدم رکھنے کے لیے آسان قرضے فراہم کیے جائیں تاکہ یہ بیرون ملک جاکر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے ہی ملک کی خدمت کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مال روڈ پر ڈینٹل کلینک کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈاکٹر نوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ کاشف انور نے کہا کہ ڈاکٹر اور انجینئر بننے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اچھے مستقبل کی آس میں بیرون ملک چلی جاتی ہے جو ایک قومی نقصان کے مترادف ہے۔ ان نوجوانوں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے حکومت کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر ٹھوس منصوبہ بندی کرے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ حکومت نئے آنے والے انجینئرز اور ڈاکٹرز کو اپنے منصوبے شروع کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے، انہیں ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے اور ترقی یافتہ ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں مدد فراہم کی جائے تاکہ یہ اپنی بہترین صلاحتیں استعمال میں لاکر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ کاشف انور نے کہا کہ یہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقت میں انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ کاشف انور نے افتتاحی تقریب کے شرکاءکو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعت و تجارت کی ترق و خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے میں بھی بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے اور ہسپتالوں سمیت مختلف فلاحی اداروں سے بھرپور تعاون کررہا ہے۔

مزید :

کامرس -