عالی شان پاکستان نما ئش کو بھار ت میں زبردست پذیرائی ملی ،:وزیر تجارت

عالی شان پاکستان نما ئش کو بھار ت میں زبردست پذیرائی ملی ،:وزیر تجارت

  

                              اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عالی شان پاکستان نمائش کو بھارت میں زبردست پذیرائی ملی ہے،پاکستانی ڈیزائنر عالی شان پاکستان نمائش کے ذریعے بھارت کی وسیع مارکیٹ میں نام بنانے میں کامیاب ہوئے، نمائش میں روزانہ 45 سے 50 ہزار افراد نے شرکت کی اور 4 روز کے دوران پاکستانی برانڈز نے بھارت میں کروڑوں روپے کا کاروبار کیا، اس نمائش کے ذریعے بھارت میں پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں بھی مدد ملی۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے باعث بھارتی ہائی کمیشن بند ہونے کی وجہ سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی لیکن اس مسئلے کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بخوبی حل کرلیا۔وفاقی وزیر نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ بھارت میں منعقدہ عالی شان پاکستان طرز کی نمائش دوسرے ممالک میں منعقد کرانے کے لیے ابتدائی تحقیقی کام مکمل کیا جائے تاکہ پاکستانی برانڈز کی دنیا میں تشہیر کے لیے ایک مکمل پلان تیار کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ عالی شان پاکستان نمائش میں نمائش کے دوران فروخت کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی کی آپس میں ملاقاتیں بھی ہوئیں جن کی بدولت مستقبل میں مزید برآمدی آرڈر ملنے کی توقع ہے۔

مزید :

کامرس -