میرپور:چیف سیکرٹری آزادکشمیر کا دورہ لاریب پاورپلانٹ
میرپور( آن لائن )آزادکشمیرکے چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل نے دورہ میرپور کے دوران پرائیویٹ سیکٹر میں قائم لاریب ہائیڈرل پاور پراجیکٹ بانگ منگلاکا معائنہ کیا ۔ انھوں نے لاریب پاور پلانٹ کے مختلف شعبے دیکھے ۔ اس موقع پر لاریب انرجی پلانٹ کے چیف ایگزیکٹو سیدحسنین حیدر نے انھیں ہائیڈرل کے شعبہ سے بجلی کی پیدوار کے سلسلہ میں بریفننگ دی ۔جب کہ اس موقع پرلاریب انرجی پراجیکٹ کے بانی حاجی عزیز احمد خان ،جنرل منیجر پلانٹ و ٹی این بی ملائیشا حاجی اعظم سلیمان ،پلانٹ منیجر عباس شہانی ،کمشنر میرپور ڈویژن سید ظہور الحسن گیلانی ،ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد چوہان ، ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد طارق ،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،ایس ایس پی منگلا سیکورٹی شہریار خان ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری امجد اقبال کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے ۔آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے لاریب ہائیڈرل کے منصوبے کی پاور جنریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں بجلی کے بحران سے نکلنے کا واحد حل یہ ہے کہ ہائیڈرل کے شعبہ سے زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہائیڈرل کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں خاطر خواہ کمی آئے گی ۔