ایل پی جی مافیا متحرک ،قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ جاری

ایل پی جی مافیا متحرک ،قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( خبرنگار) ایل پی جی مافیا ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گیا ، ایل پی جی کی قیمتوں میں بلاجواز اور غیر قانونی اضافے کا سلسلہ شروع کردیا، ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے اور صارفین کے مسلسل احتجاج کے باوجود لوٹ مار کے سلسلہ میں ذرا بھر بھی کمی نہیں آ سکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی منظوری کے بغیر ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی طور پر اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے باعث ایل پی جی 110 روپے فی کلو سے 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ، جس میں اوگرا سے نہ تو کسی قسم کی منظوری حاصل کی گئی ہے اور نہ ہی اوگرا نے کسی قسم کا کوئی اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن کیا ہے۔ اس کے باوجود ایل پی جی کی قیمتوں میں گزشتہ پندرہ دنوں کے اندر چار مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے باعث ایل پی جی کا استعمال ایک عام صارف کی پہنچ سے دور ہو کر رہ گیا ہے اور ایل پی جی صارفین مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی ہے۔ اس میں گھریلو صارفین کے ساتھ کمرشل صارفین بھی سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دے دی ہے۔ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ ہونے پر صارفین کی جیبوں سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے اضافی وصول کئے جا رہے ہیں جس میں صارفین اور دوکانداروں کے درمیان توتکرار اور لڑائی جھگڑوں نے بھی طول پکڑ لیا ہے۔ اس پر ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن بھی میدان میں اتر آئی ہے اور ایل پی جی صارفین کی تنظیموں کے رابطے کر کے ملک گیر احتجاجی تحریک میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین محمد عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس میں اوگرا سے منظوری تک نہیں لی گئی ہے اوگرا مارکیٹنگ کمپنیوں کی بلیک مافیا کا نوٹس لے اور اوگرا کی قیمتوں میں بلاجواز اور غیر قانونی اضافہ فوری طور پر ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاجائے۔
ایل پی جی

مزید :

صفحہ آخر -