طاہرالقادری جھوٹ بولنے کےلئے مائیک کا انتظار کرتے ہیں، زعیم حسین قادری

طاہرالقادری جھوٹ بولنے کےلئے مائیک کا انتظار کرتے ہیں، زعیم حسین قادری

  

لاہور(آئی این پی )رکن پنجاب اسمبلی و ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ دھرنوں نے اسلام آباد کو نہیں بلکہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ لندن پلان کے بعد ”دھرنی کزنز“کے اصل چہرے عوام کے سامنے آ گئے ہیں۔ مولانا طاہرالقادری جھوٹ بولنے کے لئے صرف مائیک کا انتظار کرتے ہیں۔ اسی طرح لندن پلان سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماﺅں کے بیانات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں۔ عمران خان نے جس ملاقات کی ہمیشہ تردید کی طاہرالقادری نے اس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے رکن اور حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اورطاہرالقادری سیلاب زدگان کے پاس جانے کی بجائے کنٹینر میں بیٹھے سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غریب کا نعرہ لگانے والوں کو سیلاب متاثرین یاد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کا مقصد انتشار پھیلانا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ جو آئین کو نہیں مانتے وہ آئین کی بات کیسے کرتے ہیں؟سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عوام نے لندن پلان کے مرکزی کرداروں کو پہچان لیا ہے۔ 38 دن سے بے مقصد دھرنا دینے والوں نے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچایا ہے۔ اس کا حساب کون دے گا؟ انہوں نے کہا کہ دھرنے والے اب وطن عزیز پر رحم کریں اور اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -