نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان سٹیٹ بنک کا شرح سود 10فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ
کراچی(آن لائن) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹر ی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے اور بنیادی شرح سود میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے اسے 10فیصد پر مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پچھلے چند ماہ کے دوران معاشی اعشاریوں میں مطلوبہ سمت میں تبدیلیاں ہوئی ہیں اورافراطِ زرکی شرح بھی قابو میں ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اورغیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی آئی ہے، اسی طرح مالی سال کی پہلی ششماہی میں مالیاتی خسارہ قابو میں رہا جبکہ نجی شعبے کے قرضے میں اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ مالیاتی حکام طویل مدت کے لئے قرض لینے میں کامیاب رہے، جس سے منڈی میں مثبت احساسات کا پتہ چلتا ہے جبکہ امریکی ڈالر کی نسبت روپے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی بیان میں مزید کہا ہے کہ مالی خسارہ کم رکھنے کے لئے ٹیکس اصلاحات ضرور ی ہیں جس کے تحت دو ماہ کے لئے بنیادی شرح سود کو10فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ۔اسٹیٹ بینک نے نومبر2013سے شرح سود کو10فیصد پر مستحکم رکھا ہوا ہے اور گذشتہ6مانیٹری پالیسی سے شرح سود 10فیصد پر برقرار رہے۔