ایزی لوڈ پر چلنے والے لیڈر جعلی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے،محمود الرشید
لاہور( نمائندہ خصوصی)قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ”ایزی لوڈ“ پر چلنے والے لیڈر اس جعلی حکومت اور جعلی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے،فیصل آباد میں 4کروڑ روپے سے نصیبو لعل کاناکام شو منعقد کرنے والوں کو ہمارے دھرنے پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ قوم نے باریوں کی سیاست کو سیلاب میں غرق کرنے کا تہیہ کر لیا ، ایک ہی سانس میں خیبر تا کراچی دھاندلی کی تصدیق اور حکومت کی حمایت کے اعلانات منافقت ہے، آمر کے بنائے 3ایم پی او کے کالے قانون کو ہمارے خلاف بے دریغ استعمال کر کے موجودہ جمہوریت نے اپنے چہرے پر مزید سیاہی ملی، پولیس کی لاٹھیاں ٹوٹ گئیں مگر ہمارے کارکنوں کے حوصلے نہیں ٹوٹے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مسائل کا حل ڈھونڈنے کی بجائے شخصی اقتدار کو تحفظ دیا گیا ، گو نواز گو تحریک حکمرانوں کے گھروں تک پہنچ چکی ہے۔
جعلی جمہوریت