بھارت نے دریائے چناب پر بجلی گھر منصوبے کیلئے پاکستان کو معائنہ کی اجازت دے دی
لاہور(اے این این) بھارت نے دریائے چناب پر بجلی گھر کے منصوبے کے لئے پاکستان کو سائٹ کے معائنہ کی اجازت دے دی جس کے لئے پاکستان کا 3رکنی وفد واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچ گیا۔پاکستان کے انڈس واٹر کمیشن کے وفد کی قیادت کمشنر انڈس واٹر مرزا آصف بیگ کر رہے ہیں۔پاکستانی وفد بھارت میں 5روز قیام کرے گا،اس دوران وفد ریائے چناب پر بجلی گھر کیلئے سائٹ انسپکشن کرے گا اور رپورٹ حکومت پاکستان کو پیش کرے گا۔واہگہ بارڈر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرزا آصف بیگ نے کہا کہ دریائے چناب پر بھارت ڈیم بنارہا ہے ڈیم کی انسپکشن کےلئے بھارت روانہ ہورہے ہیں، ہمیں ڈیموں کے حوالے سے تحفظات ہیں بھارت کی جانب سے جو وضاحت آئی ہے اس کا جائزہ لیں گے امید ہے ہمارے تحفظات پر بھارت لچک کا مظاہرے کرے گا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستان کو دریائے چناب پر بجلی گھر منصوبے کے لئے سائٹ انسپکشن کی اجازت دے دی ہے اسی تناظر میں پاکستان کا وفد بھارت پہنچا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب کے معاون بڑے نالے معیار کا رخ موڑ کر 140 میگا واٹ کے بجلی گھر کی سائٹ انسپکشن اکیس سے چوبیس ستمبر تک کی جائے گی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کے سربراہ اپنے ہم منصب "کے وورا " سے حالیہ سیلاب کے دوران دریائے چناب میں بہنے والے پانی کا سلال اور بگلیہار کے مقامات کا ڈیٹا دینے کا بھی مطالبہ کریں گے ۔ پاکستان معیار بجلی گھر کی سائٹ انسپکشن کا پچھلے دو سال سے مطالبہ کر رہا تھا ۔