بگرام جیل میں قید14 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

بگرام جیل میں قید14 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
بگرام جیل میں قید14 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

  

راولپنڈی (ویب ڈیسک) گوانتاناموبے اور بگرام میں قید و بند کی صعوبتیں کاٹنے والے 14 پاکستانیوں کو رہا کر کے پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق امریکہ کا سی 130 طیارہ قیدیوں کو لیکر نور خان ائر بیس چکلالہ پہنچا ۔ امریکی طیارے میں 23 امریکی فوجی، 7 کمانڈر اور 14 پاکستانی 20ستمبر کی صبح 10 بجکر 40 منٹ پر نور خان ائر بیس پر اترے۔پاکستانی حکام نے ان چودہ افراد کو میڈیکل ٹیسٹ کرانے کے بعد نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا ہے۔ ان تمام پاکستانیوں کو نائن الیون کے واقعے کے بعد حراست میں لے کر پہلے گوانتاناموبے جیل میں رکھا گیا بعدازاں انہیں افغانستان میں امریکی فوج کے زیرانتظام چلنے والے بگرام جیل منتقل کر دیا گیا، ان تمام پاکستانیوں کو قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے ملک کے مختلف علاقوں سے اٹھایا تھا، 14 میں سے 8 کا تعلق خیبر پختونخوا جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 2، 2 قیدی شامل ہیں۔ پاکستان کے سپرد کئے جانیوالے قیدیوں میں طورخم کا رہائشی احمد خان، کراچی کا رہائشی شاہ فضل کریم، مردان کا عبدالعلیم، نوشہرہ کا سیف الرحمٰن، شب قدر کا سید محمد، لکی مروت کا معاذ اللہ، سبی کا حفیظ اللہ، کوہاٹ کا عبداللہ، جڑانوالہ کا امانت اللہ، نوشہرہ کا محمد امین، مہمند ایجنسی کا محمد اکرم، نور الاسلام، سیف اللہ اور مصطفٰی شامل ہیں۔ بگرام جیل سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے سرگرم ایک گروپ کے مطابق گذشتہ 10 ماہ کے دوران 39 پاکستانیوں کو بگرام جیل سے رہائی ملی ہے۔ اس جیل میں اب بھی کم از کم ایک پاکستانی قید ہے تاہم جیل میں موجود پاکستانیوں کی حتمی تعداد کے بارے میں اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے تصدیق کی کہ بگرام جیل میں قید 14پاکستانیوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔

مزید :

قومی -