داعش عافیہ کے نام پر مغربی شہریوں کا قتل بند کرے: فوزیہ صدیقی
لندن (ویب ڈیسک) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے داعش عسکریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ انکی بہن کی آزادی کے نام پر مغربی شہریوں کو قتل نہ کیا جائے، برطانوی اور امریکی مغویوں کو رہا کردیا جائے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عافیہ کو معلوم ہوا کہ ان کی آزادی کیلئے مغربی شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے تو وہ پریشان ہوں گی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے داعش عسکریت پسندوں سے اپیل کی وہ مغویوں پر رقم کرکے ان کو چھوڑ دیں۔ برطانوی اخبار کے مطابق داعش کے جنگجوﺅں نے شام میں امریکی اور برطانوی شہریوں کو قتل کیا ہے اور ایک امریکی خاتون اور ایک برطانوی شہری ان کے قبضے میں ہیں ۔ داعش نے مطالبات نہ مانے جانے پر انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔