مبارک ہو! میچ جیت گئے ہیں، گورنر پنجاب نے بھی حکومت سے مایوسی کا اظہار کر دیا ،مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے: عمران خان
اسلام آباد(مانیٹرگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میںاتنے بڑے جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام جاگ چکے ہیں اور کوئی طاقت نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتی، گورنر پنجاب نے بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کی کرپشن پر مایوسی کا اظہار کر دیا ہے، کراچی کے بعد اب لاہور میں جلسہ کریں گے، بچہ بچہ ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگا رہا ہے۔ آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مباک ہو! ہم یہ میچ جیت گئے ہیں، پورے ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، کراچی کے عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے، ہر طرف ’گو نواز گو‘ کا نعرہ ہے، میاں صاحب کو اب گھر جانا ہی ہو گا، ان کو بچانے میں کوئی طاقت بھی کامیاب نہیں ہو سکی، ہم یہاں کسی کے اشارے پر نہیں عوام کے اشارے پر آئے تھے اور اسی عوام کی طاقت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں ہر منٹ پر 80ہزار روپے خرچ ہوئے لیکن اسمبلی میں اس ڈرامے کا ملک کو کیا فائدہ ہوا، سوائے اس کے کہ سارے چوروں کو بتایا گیا کہ عمران خان آ گیا تو سب کی دوکانداری بند ہو جائے گی، ان ممبران کی منافقت کا یہ حال ہے کہ کہتے بھی ہیں کہ دھاندلی ہوئی تھی، پر دھاندلی کی بنیاد پر وزیر اعظم بننے والا شخص استعفٰی نہ دے، یہ کونسی دنیا میں ہوتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کر کے ملک کے وزیر اعظم بن جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے اپنے تعینات کردہ گورنر چوہدری سرور نے ہی کہہ دیا ہے کہ کرپشن کی اس ملک میں انتہاءہے ، میں اس حکومت سے مایوس ہوا ہوںاور اس حکومت کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے سچ بولا ہے، اور اس کرپشن پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ن لیگ کہتی ہے کہ ہم بڑے تجربہ کا رہیں،حالانکہ ان کو صرف پیسہ بنانے کا تجربہ ہے۔ کپتان نے شرکاءسے خطاب میں کہا کہ اگرمیں نواز شریف کی جگہ ہوتا تو امریکہ کا دورہ نہ کرتا کیونکہ نیو یارک میں تو سارے ٹیکسیاں چلانے والے پاکستانی ہیں، وہ بہت برا استقبال کرنے والے ہیں اوراس دن تو اقوام متحدہ کی بلڈنگ کے باہر بھی احتجاج ہو گا۔ میں کہہ رہا تھا کہ میاں صاحب آپ ایک مہینے کے لئے استعفیٰ دے دیں، اگر آپ پر دھاندلی ثابت نہیں ہوئی تو میں کہہ دوں گا کہ مجھ سے غلطی ہوئی ہے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ اب لاہور بھی مسلم لیگ ن کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے، اس کی تاریخ کا اعلان بھی جلد کریں گے۔ سب لوگوں کو علم ہو گیا ہے کہ کیا نعرہ لگانا ہے، چھوٹے چھوٹے بچے ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کا اپنا صوبائی صدر بھی’گو نواز گو‘ کہہ گیا ہے۔ عوام کو مبارک ہو کہ آپ کی محنت کا نتیجہ نکلنے لگ گیا ہے اورنئے پاکستان کو بننے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔