وسطی و جنوبی پنجاب میں کینولا کی کاشت31 اکتوبر تک مکمل کی جا سکتی ہے
راولپنڈی (این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ وسطی و جنوبی پنجاب میں کینولا کی کاشت کا بہترین وقت اکتوبر ہے ٗ صوبے کے دیگر علاقوں میں کینولا کی کاشت21 ستمبر سے شروع کر کے 31 اکتوبر تک مکمل کی جا سکتی ہے ۔ ترجمان کے مطابق کینولا کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ڈیڑھ سے 2کلو گرام صاف ستھرا معیاری ، صحتمند ،منظور شدہ بیج فی ایکڑ استعمال کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کینولا کی کاشت کیلئے زمین میں وتر کم ہونے کی صورت میں بیج کی مقدار بڑھائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کینولا کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کیلئے بیج کو سرایت پذیر زہر لگانا بھی ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی مشاورت سے بیج کو کاشت سے قبل سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر ضرور لگائیں ۔ انہوں نے کہاکہ کینولا کی کاشت ڈرل کے ذریعے ایک سے ڈیڑھ فٹ یا 30 سے45 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر قطاروں کی صورت میں کی جائے اور اس بات کاخاص خیال رکھا جائے کہ بیج کی گہرائی ایک انچ سے ڈیڑھ انچ یا دو سے چار سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ کینولا کی کاشت وتر حالت میں کی جائے اور اگر کاشت کے وقت وتر کم ہو تو کاشت سے پہلے بیج کو نمدار مٹی میں ملا کر 6گھنٹے تک پڑ ارہنے دیا جائے اور پھر اس کی کاشت کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ناگزیر حالات ہوں تو خشک زمین میں کینولا کی کاشت کے بعد اسے پانی بھی دیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔