اے سی خانیوال سرکاری اراضی واگذار کراکے رپورٹ کریں،محتسب پنجاب
لاہور( خبرنگار) محتسب پنجاب جاوید محمود نے اے سی /کلکٹر خانیوال،ڈی ایس پی صدر سرکل خانیوال اور ٹی ایم اوخانیوال کو حکم دیا کہ گذشتہ 6سال سے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ ایک ماہ کے اندر واگذار کراکے محتسب آفس کو رپورٹ پیش کریں ۔محتسب پنجاب نے یہ حکم مقامی افراد کی جانب سے ایک درخواست پر جاری کیا ۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 79/10-Rکے رہائشی محمد تسلیم اوردیگر رہائشیوں نے محتسب پنجاب کودرخواست دی کہ محمد مستقیم وغیرہ نے علاقے میں تالاب کیلئے مخصوص سرکاری اراضی پر گذشتہ 6سال سے زائد عرصہ سے قبضہ کررکھا ہے ۔ مقامی ریونیوآفس کے بعد سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بھی قبضہ کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے اسے غیرقانونی قرار دے چکے ہیں جس پر عملدرآمد کیلئے مقامی افراد ڈی پی او خانیوال اورٹی ایم اوخانیوال کو بھی درخواستیں دے دے کر تھک گئے ہیں لیکن کوئی ادارہ بھی غیر قانونی قابضین کے خلاف کاروائی کرنے کوتیار نہیں۔محتسب پنجاب نے ایڈوائزر خانیوال ظہورالحق رانا کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ۔انکوائری کے دوران انکشاف ہوا کہ ڈی پی او خانیوال بھی مقامی افراد کی درخواست پر قبضہ گروپ کے خلاف قانونی کاروائی کا حکم دیا تھا لیکن مقامی پولیس غیر قانونی قابضین کے خلاف کاروائی میں رکاوٹ بن گئی اورڈی پی او کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دئیے ۔ محتسب پنجاب نے کہا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوکی جانب سے عوامی مفاد کیلئے مختص سرکاری اراضی پر قبضے کو غیرقانونی قراردئیے جانے کے بعد متعلقہ اداروں کا قابضین کے خلاف کاروائی سے اجتناب افسوس ناک امرہے۔محتسب پنجاب نے اے سی /کلکٹر خانیوال،ڈی ایس پی صدر سرکل خانیوال اور ٹی ایم اوخانیوال کو حکم دیا ہے کہ گذشتہ 6سال سے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ ایک ماہ کے اندر واگذار کراکے محتسب آفس کو رپورٹ پیش کریں۔