این اے122 سے عوام پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کو تاریخی فتح دلائیں گے، عبدالعلیم خان

این اے122 سے عوام پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کو تاریخی فتح دلائیں گے، عبدالعلیم ...

لاہو ر(خبر نگارخصوصی)تحریک انصاف کے این اے122سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ عوام کو گمراہ نہ کرے، اگر دھاندلی نہ ہوئی ہوتی تو دوبارہ الیکشن ہی نہ ہوتا،سردار ایاز صادق کو بیرونی دوروں سے فرصت مل گئی او ر اب اپنی ہی کی ہوئی دھاندلی کے باعث انہیں حلقے کی یاد آ گئی انہوں نے کہا کہ این اے122کا ہر گھر نواز لیگ سے نالاں ہے اب عوام ان سے ہرگز دھوکہ نہیں کھائیں گے، بہتر ہو گا کہ نئے وعدے کرنے سے پہلے ایاز صادق اور محسن لطیف گذشتہ 8برسوں کاحساب دیں کہ انہوں نے اس علاقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کیا کِیا ؟ عبدالعلیم خان نے یونین کونسل 89سمن آباد ،شاد مان اور مختلف علاقوں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ اب لاہور تحریک انصاف کا گڑھ اور این اے122چئیر مین عمران خان کا گھر ہے جہاں سے عوام پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کو تاریخی فتح دلائیں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان کی کاوشوں سے 2006میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے میاں میر ہسپتال کو سیاسی مخالفت کی بنیاد پر بند رکھنا عوام کے ساتھ ظلم ہے، جس سے جنوبی لاہور کے عوام کو صحت کی سہولتیں حا صل ہونا تھیں ،اسی طرح تعلیم اور دیگر شعبوں کو بھی بُری طرح نظر انداز کیا گیا جبکہ غیر ضروری منصو بوں پر اربوں روپے لٹائے گئے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال نے اس انتخابی مہم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کے عوام 11اکتوبر کو عمران خان کے حق میں دوبارہ فیصلہ دیں گے اور عبدالعلیم خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ۔ ریلوے ورکرز یونین کے عہدیداروں کے 20دکنی وفد نے مرکزی صدر میاں خالد محمود کی قیادت میں عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی سے ملاقات کی اور اپنی تنظیم کی طرف سے 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں مکمل حمائیت کا یقین دلایا ،ریلوے یونین کے عہدے داروں رانا سلیم خان ،میاں مستنصر جاوید ،سخی خان،ڈاکٹر محمد نذیر خان اور سنی خان نے کہا کہ ایاز صادق کو 22اگست کی پی ٹی آئی کی شکست کے بعد 26اگست کو ریلوے یونین میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا انہوں نے نواز لیگ کی طرف سے ریلوے کالونیوں کی نظر انداز کرنے پر بھی تنقید کی اور عبدالعلیم خان کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو یادگار قرار دیا عبدالعلیم خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی ریلوے ورکرز کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔پی پی 147سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی نے کہا کہ نواز لیگ ہمارے چھوڑے ہوئے منصوبوں کو بھی آگے نہیں چلاسکی جبکہ اس علاقے کے ترقیاتی فنڈز ضائع کر دیے گئے ،اب عوام دوبارہ ان کے جھانسے میں نہیں آئینگے ۔

مزید : علاقائی