ہائی کورٹ نے 73کروڑ کی گیس چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت پر اس کے طبی معائنہ کا حکم دے دیا

ہائی کورٹ نے 73کروڑ کی گیس چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت پر اس کے طبی معائنہ کا ...
ہائی کورٹ نے 73کروڑ کی گیس چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت پر اس کے طبی معائنہ کا حکم دے دیا

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے 73کروڑ روپے کی گیس چوری کے مقدمہ میں ملوث گتہ فیکٹری کے مالک کی درخواست ضمانت پرایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ تشکیل دے کرملزم کاطبی معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس ارم سجاد گل نے گیس چوری کے ملزم میاں طارق عزیز کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم گتہ فیکٹری کا مالک ہے۔تھانہ لیاقت آباد پولیس نے بغیر ثبوت سیاسی دباﺅ پر ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا.

انہوں نے کہا کہ ملزم ضعیف العمر ہے اورجیل میں بیماری کی حالت میں قید ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ ملزم کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے،ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے بتایا کہ ملزم کی عمر اوربیماری کے حوالے سے دلائل درست نہیں ہیں،ملزم اپنی صحت کا بہانہ بنا کر ضمانت حاصل کرنا چاہتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملزم نے اپنی فیکٹری کے لئے 73 کروڑ روپے کی گیس چوری کی اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ اس سے قبل بھی ملزم 90 کروڑ روپے کی گیس چوری کرچکا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی، عدالت نے کیس کی سماعت 23ستمبرتک ملتوی کرتے ہوئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو حکم دیا کہ وہ میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر ملزم کا معائنہ کرکے اس کی صحت بارے رپورٹ پیش کریں۔

مزید : لاہور